پیٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر2 بم گرادیے‘ پرویز الٰہی

498

لاہور (نمائندہ جسارت) ق لیگ کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر2 بم گرائے گئے، پہلے مہنگائی کیا کم تھی کہ اب ٹرانسپورٹ کی وجہ سے مہنگائی میں50 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نااہل حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کے لیے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، حکمران سستا تیل روس سے کیوں نہیں لیتے، عمران خان نے روس سے سستے تیل کی ڈیل مکمل کر لی تھی، بھارت نے روس سے سستا تیل لے کر اپنی عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لانگ مارچ ختم نہیں کیا صرف6 روز کے لیے حکومت کو مہلت دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، اعلیٰ عدلیہ نے بھی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ملک میں وحشت و درندگی کا جو کھیل کھیلا ہے، اس پر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔