پاک امریکا کشیدگی کم کرنا دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے،بلاول

239

نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہاہے کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اورامریکا اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھ سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کومزید خراب ہونے دینا غیر دانشمندانہ فعل ہوگا۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اورامریکا کے باہمی تعلقات جس طرح کے رہے ہیں وہ نہ پاکستانی، نہ ہی امریکی عوام کے مفاد میں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ امریکا اورپاکستان کے درمیان مختلف امور پراتفاق زیادہ ہے اوراختلاف کم ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تناؤ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا حصہ بننا اس طرح ہے جیسے امریکا میں ٹرمپ اورکلنٹن خاندان ایک حکومت کا حصہ ہوں۔میں انقلاب کے بجائے ارتقا پریقین رکھتا ہوں۔پاکستان اورامریکا کے درمیان بہت سی چیزیں مشترکہ ہیں۔دونوں ممالک کو پنے مثبت تعلقات پرجذبات کوحاوی نہیں ہونے دینا چاہیے کیونکہ اس میں کسی کا بھی فائدہ نہیں۔افغانستان سے متعلق بلاول زراری نے کہا کہ امریکا اور پاکستان یہ چاہتے ہیں اپنے رویے بہتربنانے اور افغان عوام کے لیے ملک میں استحکام لانے کے لیے طالبان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے چند روز قبل امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ملاقات میں تجارت، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور فوڈ سیکیورٹی پر تعاون بڑھانے پر ہونے والی بات چیت کابھی تذکرہ کیا۔