اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلیے چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کو برقرار رکھنے اور ملک میں چینی کی قیمت کو باضابطہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں چینی کی قیمت اور مہنگائی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے افراط زرکے دباؤ سے نمٹنے کیلیے حکومت کے اقدامات اور کوششوں کو سراہا، انہوں نے وزیرخزانہ کو چینی کی صنعت کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت چینی کی صنعت کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ اور انہیں جلد سے جلد حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی اور نمو کے حصول کیلیے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تاجر برادری کو سہولیات دینے میں پرعزم ہے۔