لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث راؤف نے کہا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے سے انہیں ریڈ بال کرکٹ میں مہارت پیدا کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ وہ مستقبل میں اپنے ملک کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
حارث راؤف کو یارکشائر سی سی سی نے اس سیزن میں پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ساتھ لنک اپ کے حصے کے طور پر سائن کیا تھا۔
کاؤنٹی کے لیے کھیلے گئے چار میچوں میں فاسٹ بولر نے 31.53 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔حارث راؤف نے کہا کہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کا بہترین معیار پوری دنیا میں مشہور ہے، لیکن میرے لیے بنیادی مقصد ریڈ بال کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا تھا ۔
تیز گیند باز وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کے سیٹ اپ کا ایک لازمی حصہ رہے ہیں، اور گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار بولنگ سے شہرت حاصل کی تھی، چند بار ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود، وہ ابھی تک کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ڈیبیو نہیں کر پائے ہیں۔
حارث راؤف نے مزید کہا کہ ہر کرکٹ کھلاڑی اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔