کراچی ( نمائندہ جسارت )دعا زہرا اور نمرہ کاظمی کے بعد پسند کی شادی کرنے والی سونیا کا کیس بھی سامنے آ گیا۔نوشہرہ کی سونیا نے بینظیر آباد (نوابشاہ )کے منصور بگھیو سے شادی کر لی جس پر سونیا کے والد نے لڑکے کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا۔سماعت کے دوران سونیا کے اہلخانہ بھی پہنچ گئے،سونیا کی جانب سے درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ سونیا کے کے والد نے لڑکے کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیاجس پر عدالت نے سونیا سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے پسند کی شادی کی یا اغوا کیا گیا؟سونیا نے عدالت میں کہا میں نے منصور بگھیو سے پسند کی شادی کی ، میری ایک ایپ پر دوستی ہوئی تھی، میرے گھر والے اب مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ یہ کیا ہو رہا ہے، سنا ہے کوئی پب جی گیم ہے، دعا زہرا، نمرہ کیس میں بھی یہی اطلاعات ملیں۔جس پر وکیل نے بتایا کہ نہیں سر، ان کی دوستی دوسری ایپ پر ہوئی، عدالت نے منصور بگھیو کی 50 ہزار کے عوض ضمانت منظور کر لی اور سونیا کو منصور بگھیو کے ساتھ جانے کی بھی اجازت دے دی۔