اسلام آباد (اے پی پی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے جیمز اینڈ جیولری کو صنعت کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم روف نے قومی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ قیمتی پتھر اور زیورات کے شعبے کی ترقی کے لیے اتھارٹی کا قیام فوری عمل میں لایا جائے اور اسے باقاعدہ صنعت کا درجہ دیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ جدید مشینری کے ذریعے کٹنگ ، پالش اور سرٹیفیکیشن کے ذریعے ویلیو ایڈیشن کی جاسکتی ہے۔ صدر چیمبر ندیم روف نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل، معدنیات خاص طور پر قیمتی پتھروں سے مالا مال ملک ہے تاہم بلاسٹنگ اور غیر معیاری کٹنگ کے باعث خام مال ضائع ہو جاتا ہے، اعلی معیار کی پالش اور سرٹیفیکیشن نہ ہو نے کے باعث ہم ویلیو ایڈیشن نہیں کر سکتے۔ جیمز اینڈ جیولری ایک غیر معروف شعبہ ہے لیکن اس کا پوٹیشنل بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک بھارت کی سالانہ جیمز ایکسپورٹ کا حجم 48ارب ڈالر کے قریب ہے جبکہ پاکستان کا حجم صرف 30ملین ڈالر کے قریب ہے ۔