عمران خان اسلام آباد میں املاک کو نقصان پہنچا کر رفو چکر ہوگیا ، مریم نواز

198

اسلام آباد،لاہور ( نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جگہ ایک ہی ہے مگر ایجنڈا مختلف!فتنہ خان اور اس کا جتھہ کل رات اسلام آباد میں آگ لگا کر بھاگ گیا۔اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ دارلحکومت جلا کر، املاک کو نقصان پہنچا کر رفوچکر ہوگیا۔نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے آج اس جگہ پر قوم کے زخموں پر نا صرف مرہم رکھا، جوانوں کا مورال بلند کیا بلکہ ایک مثبت قومی سوچ کو فروغ دیا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نے آزادی مارچ کو بربادی مارچ بنا کر واپس پشاور پھینک دیا ، چھ دن کا وقت اپنی شرمندگی مٹانے کے سوا کچھ نہیں،25 لاکھ کا دعویٰ کرنے والا بیس ہزارافراد کوبھی جمع نہ کرسکا،حکومت کو عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کروانا چاہیے، ہلاکتوں، زخمیوں اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے، ہم نے آئی ایم ایف سے بات کی تو انہوںنے ہمیں عمران حکومت سے کیا گیا معاہدہ تھمادیا، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور گرین ٹاؤن میں شہید کانسٹیبل کی بیوہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،مریم نواز نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کی بیوہ اور پانچ بچوں سے مل کر آئی ہوں، خود ماں ہوں، کیفیت سمجھ سکتی ہوں، چھوٹا بچہ نو ماہ کا ہے، کانسٹیبل کی شہادت کا ذمہ دار عمران خان ہے، کانسٹیبل کی بیوہ اور بچوں کی ہماری حکومت دے گی، شہید کانسٹیبل کے بچوں کے تعلیمی اخرا جات بھی حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کو پی ٹی آئی کے رکن نے گولی مارکرشہید کردیا تھا، شہید کانسٹیبل کا مقدمہ عمران خان کیخلاف درج ہونا چاہیے، ایک ماں ہوں ان کا غم سمجھتی ہوں، وزیراعظم شہبازشریف نے شہید اہلکاروں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے، شہید کی بیوہ نے کہا ان کے پاس گھرنہیں، وزیراعظم شہبازشریف سے بیوہ کو گھر دلانے کے لیے فون پر بات کی ہے، جن کے گھروں سے اسلحہ نکلا ان کے خلاف بھی پرچے ہونے چاہییں، مذہب کواستعمال کرنا یہ گناہِ کبیرہ ہے، عمران خان کومذہب کا نام استعمال کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جعلی انقلاب کی خاطرخون کے ذمہ دارعمران خان ہیں۔