الیکشن کا اعلان حکومت اور اتحادی مقررہ وقت پر کریں گے‘ مریم اورنگزیب

111

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسترد شدہ چہرے آج خالی ہاتھ واپس چلے گئے، ناکام سیاست کے ماتم کا اعلان کرکے عمران خان روانہ ہوئے، عوام نے آج ان کو مسترد کردیا، عمران خان بنی گالہ میں سو گئے اب وہ نہیں نکلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آج پیغام مل گیا ہے، اس لیے وہ خالی ہاتھ گھر واپس گئے ہیں، ان کے پاس لوگ ہی نہیں تھے کیوں کہ عمران خان پاکستان کی ترقی اور عوام کے روزگار کے خلاف ہے لیکن حکومت نے اقدامات کرلیے ہیں اب بہت جلد اعلانات دیکھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف جلد مشکل فیصلے کریں گے اور ہم معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے، جو بارودی سرنگ عمران خان بچھاکر گئے ہم اس کا علاج جانتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈ زون میں پولیس اور رینجرز بھی موجود ہیں، گزشتہ روز 18 پولیس اور رینجرز اہلکار زخمی ہوئے، پی ٹی آئی والے سپریم کورٹ کے فیصلے کو بہانہ بنا کر ہنگامہ کرتے رہے، الیکشن کا فیصلہ حکومت اور اتحادیوں کا ہے، اتحادی حکومت جب مرضی الیکشن تاریخ کا اعلان کرے گی، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان کی کمیٹی بیٹھی ہی نہیں یہ سب لوگ بھاگ گئے، عمرا ن خان کا لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان اور الٹی میٹم کیسا، ان کو تو بیٹھنا تھا، پی ٹی آئی والوں سے ڈنڈے اور اسلحہ برآمد ہوا، شہریوں کی حفاظت کی ذمہ دار ریاست اور حکومت کی ہے۔انہوں نے کہا کیا عمران خان کے ساتھ 20لاکھ لوگ تھے؟ گزشتہ روز عمران خان ہوا میں معلق رہے، عوام سڑکوں پر رلتی رہی، آج بھی جب یہ کنٹینر پر فساد کی بات کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف ترقی کے منصوبے بنا رہے ہیں، عوام نے عمران خان کو مسترد کیا سب جان جائیں گے کہ ان کے ساتھ بندے نہیں۔