ہاکی ایشیا کپ، جاپان نے پاکستان کو3-2گول سے ہرا دیا

310

جکارتہ(نمائندہ خصوصی) جاپان نے مینز ہاکی ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-3 گول سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کی طرف سے ریوما اوکا، اکیومی ساکی اور تکوما نیوا نے ایک، ایک گول کیا، جاپان نے تینوں پول میچ جیت کر 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں 11 ویں ایشیا کپ میں جاپان نے پاکستان کو2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا، جاپان کو پہلے کوارٹر میں 2گول کی برتری حاصل تھی، 14ویں منٹ میں ریوما اوکا اور 15ویں منٹ میں اکیومی ساکی نے جاپان کی طرف سے گول کیا، پاکستان کی جانب سے پہلا گول اعجاز احمد نے دوسرے کوارٹر کے 8ویںمنٹ میں کیا تاہم 4 منٹ بعد جاپان کے تکوما نیوا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر2 گول کی برتری دلا دی، دوسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں پاکستان کی جانب سے مبشر علی نے دوسرا گول کیا، آخری2 کوارٹرز میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تاہم کوئی بھی ٹیم مزید گول ا سکور نہ کر سکی، اس طرح جاپان نے یہ میچ 2-3 گول سے جیت کر اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ، جاپان نے تینوں پول میچز جیت کر 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ دوسری طرف مینز ہاکی ایشیا کپ میں جنوبی کوریا نے اومان اور ملائیشیا نے بنگلادیش کو شکست دے دی،11 ویں ایشیا کپ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جمعرات کو پول بی کے اہم میچ میں جنوبی کوریا نے اومان کو ایک کے مقابلے میں5 گول سے ہرا دیا، فاتح ٹیم کی طرف سے ہیون جینگ، ہیونگ جن کم، ہوانگ تائی، جی ہن ینگ اور جیونگ ین وو نے ایک، ایک گول کیا، پول بی کے دوسرے میچ میں ملائیشیا نے بنگلا دیش کے خلاف بآسانی 1-8 سے کامیابی حاصل کی، ملائیشیا کی طرف سے عبدالرحیم اور فضل نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی، ملائیشیا نے تینوں میچز جیت کر پول میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔