ملک کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کا عمل ضلع قصور سے شروع ہوگا، اکا ئونٹنگ فرم کی خدمات حاصل

271

کراچی(اسٹاف رپورٹر):پاکستان کرکٹ بورڈ نے شفافیت کو فروغ دینے کیلئے ملک کے کرکٹ کلبز کی اسکروٹنی کے لیے معروف اکا ئونٹنگ فرم کے پی ایم جی تاثیرہادی اینڈ کو کی خدمات حاصل کرلی ہیں، ا سکروٹنی کا یہ عمل ضلع قصور سے شروع ہوگا، جہاں یکم سے 4 جون کل 50 کلبز کی ا سکروٹنی کی جائے گی،ضلع قصور کے بعد کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کی جانب سے ملک کے کرکٹ کلبز کی ا سکروٹنی کی جائے گی ، تمام6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سکروٹنی کا یہ عمل4 ماہ میں مکمل ہوگا۔کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کے ساتھ معاہدہ پی سی بی کی جانب سے کلبز کو ممبرشپ دینے کے عمل کا چوتھا مرحلہ ہے، پہلے مرحلے میں تمام کلبز سے متعلق بنیادی معلومات جمع کی گئیں جبکہ دوسرے مرحلے میں کھلاڑیوں سے متعلق تمام ڈیٹا جمع کیا گیا اور تیسرے مرحلے میں کلب سے پرنٹ شدہ فارمز جمع کئے گئے۔پہلے مرحلے میں 4022 کلبز نے رجسٹریشن کیلئے درخواست جمع کروائی تھی جو تیسرے مرحلے میں 3644 رہ گئی ہے، ان 3644 میں 813 کلبز کا تعلق خیبرپختونخوا، 770 کا سینٹرل پنجاب، 617 کا سندھ،502 کا سدرن پنجاب، 482 کا بلوچستان اور460کا ناردرن ایریاز سے ہے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ کے پی ایم جی کے ساتھ معاہدہ سے کلبز کی ا سکروٹنی کا عمل شفاف اور منصفانہ انداز سے مکمل ہوگا، یہ عمل صرف اصل کلبز کو ہی ممبرشپ کا اہل بنائے گا جومزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ کے فریم ورک میں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصل کرکٹ کلبز آئندہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی سطح پر ہونے والے انتخابات میں بھی معاونت کریں گے۔ بعدازاں سی سی اے کے یہ الیکشنز6کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتخاب میں مدد کریں گے ۔ پی سی بی کی کوشش ہے کہ اس عمل کو 4 ماہ میں مکمل کیا جائے تاکہ ایک مضبوط کرکٹ اور انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جاسکے ۔کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کویہ ذمہ داری ٹینڈر کے بعد دی گئی ہے، ٹینڈر کا یہ عمل مارچ میں شروع ہوا تھا جس کی تمام تر تفصیلات پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔