لشکر کشی، فساد اور فتنے کی سیاست مسترد ہو چکی ہے،مریم اورنگزیب

230

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی، الیکشن کا اعلان حکومت اور اتحادی مقررہ وقت پر کریں گے،عمران خان اپنے ورکرز کو سڑکوں پر چھوڑ کر بنی گالا سونے چلے گئے، عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کو ناکام بنانے کے لئے یہ ڈرامہ رچایا، عمران خان کا لانگ مارچ بری طرح ناکام ہوا،عوام نے بتا دیا کہ وہ ترقی اور خوشحالی کی سیاست چاہتے ہیں، لشکر کشی، فساد اور فتنے کی سیاست مسترد ہو چکی ہے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے عوام کو معاشی بدحالی سے نکالنے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

کل پوری قوم نے دیکھا کہ تخریبی اور تعمیری سیاست میں کیا فرق ہوتا ہےانہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے چہروں کو پہچانتے ہیں، 2014 میں بھی انہوں نے دھرنا دیا اور خالی ہاتھ گئے،عمران خان اپنے ورکرز کو سڑکوں پر چھوڑ کر بنی گالا سونے چلے گئے،عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کو ناکام بنانے کے لئے یہ ڈرامہ رچایا،انہوں نے پولیس کی گاڑیوں پر حملے کئے، پولیس اہلکار شہید ہوئے،عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کی، کنٹینر پر کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ڈی چوک پہنچیں،جب یہ ڈی چوک کے قریب آئے تو ان کے پاس صرف چند لوگ باقی رہ گئے تھے۔

پھر وہاں سے انہیں بھاگنا پڑا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ بری طرح ناکام ہوا،عوام نے بتا دیا کہ وہ ترقی اور خوشحالی کی سیاست چاہتے ہیں،لشکر کشی، فساد اور فتنے کی سیاست مسترد ہو چکی ہے،عمران خان کا چھ دن کا الٹی میٹم ان کی ناکام سیاست کا ماتم تھا،عمران خان اب کبھی واپس نہیں آئیں گے_