ایران میں 10 منزلہ تجارتی عمارت گرنے سے 19 افراد ہلاک

238

تہران: ایران کے جنوب مغربی شہر عبادان میں ایک 10 منزلہ تجارتی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں مرنیوالے افراد کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبہ خوزستان کے نائب گورنر احسان عباسپور نے بتایا کہ اب تک 37 افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

احسان عباسپور کے مطابق امدادی کارروائیوں میں تقریبا 2 ہزار کارکنان شریک ہیں اور آخری لاش نکالنے تک کارروائی جاری رکھی جائیگی۔منگل کے روز عدلیہ کی میزان نیوزایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ واقعے کے بعد 10افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، واقعے میں عمارت کا مالک اور ٹھیکیدار بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔

زیر تعمیر عمارت عبادان کے مرکز میں ایک پرہجوم سڑک پر واقع ہے جس کے چاروں اطراف تجارتی اور میڈیکل کمپلیکس واقع ہیں۔