ایشیاکپ جیتنے کا عزم ، ہاکی ٹیم آج جاپان کے مد مقابل ہوگی

259

جکارتہ (نمائندہ خصوصی)ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام مینزہاکی ایشیا کپ ٹورنامنٹ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بدھ کو ایک روز آرام کے بعد آج مزید 4 میچز کھیلے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں پول اے کا پہلا میچ پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان کی ٹیم اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے ، پہلے پول میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا جبکہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان انڈونیشیا کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 13-0 گول سے شکست دی تھی۔ پول اے کا دوسرا میچ دفاعی چیمپئن بھارت اور میزبان انڈونیشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی پول بی کا پہلا میچ اومان اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا اور پول بی کا دوسرا میچ ملائیشیا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں ایشیا کی 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہیں ، بھارتی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے ۔ ایشیا کپ ہاکی ٹونامنٹ کا آغاز1982میں ہوا ۔ بھارت 2017کا ایڈیشن جیتنے والا دفاعی چیمپئن ہے۔ جنوبی کوریا کی ٹیم کو سب سے زیادہ 4مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں 3,3مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں۔ٹورنامنٹ میں شامل 8 ٹیمیں 2 پولز میں مقسم ہیں،پاکستان کو پول اے میں میزبان انڈونیشیا، بھارت اور جاپان کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ پول بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، اومان اور بنگلا دیش شامل ہیں۔