پشاور(جسارت نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیف آف آرمی اسٹاف انٹرڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ کے صوبہ کے تمام اضلاع میں کامیابی سے انعقاد کے بعد ڈویژنل سطح پر ہاکی کے مقابلوں کے انعقاد کیلئے تمام صوبائی ایسوسی ایشن کو ہدایات جاری کردی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی ایسوسی ایشن انٹر ڈسٹرکٹ ٹیموں کے ونرز ٹیموں کے درمیان ڈویژنل سطح پر مقابلوں کا انعقاد کروائیں اور یکم جون سے 15 جون تمام مقابلے متعلقہ جگہوں پر منعقد کروائے جائیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد آصف باجوہ کی جانب سے جاری کئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ٹیم کی ونرز ٹیمیں حصہ لینگی اور اس میں 22 تک کھلاڑی حصہ لے سکتے ہیں اور کسی دوسرے کلب کے مہمان کھلاڑی کو کھلایا نہیں جائیگا.خیبر پختونخوا ‘ پنجاب ‘ سندھ ‘ بلوچستان کے سیکرٹریز کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق پنجاب میں 9 ڈویژنل سطح پر یہ مقابلے ہونگے جبکہ خیبر پختونخوا میں 7 ‘ سندھ میں 6 ‘بلوچستان میں 6اور اسلام آاباد ‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ایک ڈویژن کی ٹیمیں ان مقابلوں میں حصہ لے سکیں گی۔