یاسین ملک منقسم کشمیر کی مکمل آزادی ووحدت کے علمبردار

174

کراچی ( خالد مخدومی )جموں وکشمیر پر قابض بھارت کی ایک نام نہاد انتہا پسند عدالت کی جانب سے 2مرتبہ عمر قید کی سزا پانے والے یاسین ملک بھارتی مقبوضہ کشمیر کے معروف آزادی پسند لیڈر اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ( جے کے ایل ایف) کے چیئرمین ہیں۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ پاکستان اوربھارت کے درمیان منقسم ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور وحدت کے علمبردار ہیں۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ایک زاید دھڑے بھارت اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی سرگرم ہیں۔یاسین ملک اپنے نوجوانی کے دور سے ہی آزادی پسند سیاست میں سرگرم ہو گئے تھے۔ انہیں کئی بار قید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔90 کی دہائی کے وسط تک یاسین ملک کی جماعت بھارت کے خلاف مسلح کارروائیوں کو درست سمجھتی تھی تاہم 1994ء میں اس جماعت نے عدم تشدد پر مبنی سیاسی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں یاسین ملک نے بھارتی زیرانتظام کشمیر میں ایک دستخطی مہم بھی چلائی تھی۔ پاکستان میں جنرل پرویز مشرف کے دور میں جب بھارت کی واجپائی سرکار سے کشمیر کے معاملے پر بات چیت کا آغاز ہوا تو یاسین ملک دیگر کشمیری حریت رہنمائوں کے ساتھ پاکستان کے دورے پر بھی آئے تھے اور ان کا پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھرپور استقبال کیا گیا تھا ۔