عدلیہ اور فوج کو مل بیٹھ کر مسائل کا مستقل حل نکالنا چاہئیے،چوہدری شجاعت

214

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ، سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ملک کی کشیدہ صورتحال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے اندر جو موجودہ حالات ہیں اس طرح کے حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے‘ ایسی سنگین صورتحال میں پاکستان کے 2 بڑے سلامتی کے ضامن ادارے عدلیہ اور فوج کو مل بیٹھ کر ان مسائل کا مستقل حل نکالنا چاہیے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی طاقتیں اور سیاسی جماعتیں جس طرف جا رہی ہیں اس سے ملک میں افراتفری اور لاقانونیت بڑھے گی‘ پاکستان کے معاشی حالات انتہائی سنگین ہو گئے ہیں‘ اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عام آدمی کا جینا تو پہلے ہی مشکل ہے‘ یہ نہ ہو خدانخواستہ مرنا بھی مشکل ہو جائے‘ سارا ملک بند ہونے کی وجہ سے اشیا خورونوش کی شدید کمی کا خدشہ ہے‘ آمد و رفت کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہے‘ ایمبولینس تک کو راستہ میسر نہیں‘ لوگ جنازوں کو پیدل لے جانے پر مجبور ہیں‘ عالمی سطح پر پاکستان کی صورتحال کو غور سے دیکھا جا رہا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تاریخ نہ دہرائی جائے‘ پولیس کو چاہیے کہ شیلنگ بند کرے، شیلنگ کی وجہ سے گھروں میں لوگوں کو بھی اذیت کا سامنا ہے‘ پولیس عام آدمی کو تحفظ اور ایمبولینس اور جنازوں کو راستہ فراہم کرے۔