بلاول کی خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

226

اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن) وزیر خارجہ بلاول زرداری نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح ایم الحجراف سے بدھ کو ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی،دونوں رہنمائوں نے تنظیم کے پاکستان کے ساتھ تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اور وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن بھی موجود تھیں۔ وزیر خارجہ اور خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے جی سی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر خارجہ بلاول زرداری اور سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے مشترکہ ایکشن پلان کے مطابق ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مزید راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر فریقین نے پاکستان۔خلیج تعاون کونسل فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر جلد از جلد مذاکرات کو مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول زرداری کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات ہوئی، دونوں وزراء خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیااوردو نوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو باہمی فائدے کے لیے مضبوط کرنے کا عزم کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بول نے سعودی عرب کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت اور کشمیر کاز پر اس کی ثابت قدمی کو سراہا۔ مزید برآں وزیر خارجہ بلاول زرداری نے ڈیووس میں اپنے آسٹریا کے ہم منصب الیگزینڈر شلن برگ سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری، اعلی تعلیم، قابل تجدید توانائی، سیاحت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون کے لیے مل کر کام کریں گے۔ بلاول زرداری نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے ساتھ ساتھ پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔