پشاور‘ دہشت گردی کی واردات میں پولیس انسپکٹر شہید

99

پشاور‘ اسلام آباد (اے پی پی)پشاور میں دہشت گردی کی واردات کے دوران پولیس انسپکٹر کو شہید کر دیا گیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایف آر پی کے انسپکٹر سحر گل کو تھانہ انقلاب کی حدود موسیٰ زئی میں اس وقت ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایا گیا جب وہ گزشتہ صبح اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار مبینہ دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو ئے اور پھر دم توڑ گئے تاہم گاڑی میں موجود ان کے بچے محفوظ رہے،واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس واقعے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہبازشریف نے سب انسپکٹر سحر گل کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ اور بچوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔انہوں نے خیبرپختونخوا میں پولیس اہلکاروں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر تشویشناک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر توجہ دیں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہید پولیس سب انسپکٹر کو شہدا پیکج دیا جائے، بچوں کی تعلیم اور اہل خانہ کی کفالت یقینی بنائی جائے ۔ وزیراعظم ا ور زیرداخلہ نے شہید پولیس اہلکار کے لیے مالی معاونت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔