عمران خان حکومت نے  ہمارے لیے باوردی سرنگیں چھوڑی ہیں، وزیر اعظم

331
left tunnels

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے ورکرز اور چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر دھرنے کی تیاری کی جارہی ہے، ساڑھے تین سال میں جو تباہ شدہ معیشت ہمیں ملی ہے ہم اسے توانا کرنے کے لیے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں۔عمران خان کی سابقہ حکومت نے مہنگے ترین تیل پر سبسڈی دے کر ہمارے لیے باوردی سرنگیں چھوڑی ہیں۔

وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ عمران خان کے پاس حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے کا بہت وقت تھا، اس معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے، دشنام طرازی کرنے کے لیے بہت وقت تھا۔ سابق وزیر اعظم کے پاس مہنگائی، غربت، بیروزگاری پر قابو پانے اور اس عظیم منصوبے کا دورہ کرنے کا وقت نہیں تھا، ہم نے قوم پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا، ہمارے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے 720 میگاواٹ کے کمرشل آپریشن ڈیٹ (سی او ڈی) تک منصوبے سے نیشنل گرڈ کو مفت بجلی ملے گی۔ زوم کے ذریعے تقریب میں موجود تھری گورجیز کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں کیونکہ اس سے پاکستان کے خزانے کو 4 ارب روپے کی بچت ہوگی اور آج ہم ایک ایک ڈالر کو بچانے کے لیے ترس رہے ہیں۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں غیر معمولی بات ہے، شاید ماضی میں ایسا نہیں ہوا کہ سی او ڈی تک مفت بجلی دی گئی ہو، اگر ہمیشہ کے لیے مفت کردیں تو کیا کہنے لیکن ہمیں زیادہ لالچ نہیں کرنی چاہیے۔