عمران نیازی کو آئین و قانون سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، حمزہ شہباز

261

فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز نے کہا  ہے کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا، عمران نیازی کو آئین وقانون سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، جو کوئی بھی جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ملک میں انتشار پھیلانے کا خواب دیکھے گا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور قانون حرکت میں آئے گا، عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے مگر محب وطن عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور اسے ناکامی ونامرادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

آن لائن کے مطابق  مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے ایم پی اے میاں محمد طاہر جمیل کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور انہیں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی زیرقیادت صوبہ بھر میں ترقی وخوشحالی اور تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی کی لندن سے وطن واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائدین آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آپ کی وطن واپسی سے لیگی کارکنوں میں بھرپور جوش وجذبہ پیدا ہوا ہے، میاں حمزہ شہباز، چوہدری عابد شیر علی اور میاں محمد طاہر جمیل نے ملاقات کے دوران لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے بھی تبادلہ خیال کیا۔