عدالت عظمیٰ،سراج درانی کے وکیل پر ایک لاکھ روپے جرمانہ

236

اسلا م آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے ا سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلیے ملتوی کر دی۔ عدالت عظمی نے آغا سراج درانی کے وکیل سلمان اکرم راجا کے پیش نہ ہونے پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا۔ منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاملہ پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر معاون وکیل عدالت نے رو برو پیش ہوکر موقف اپنایا کہ آغا سراج درانی کے وکیل سلمان اکرم راجا کے دلائل تقریبا مکمل ہو گئے تھے،آغا سراج وکیل تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اس دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے معاون وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سلمان اکرم راجا دلائل کے اختتام کی جانب بڑھ رہے تھے،سلمان اکرم راجا اچھے دلائل دے رہے تھے ، سلمان اکرم راجا کیوں پیش نہیں ہوئے ، التواء کی بھی کوئی درخواست نہیں آئی،آغا سراج درانی نے بے تحاشا زرعی اراضی کے باوجود 1990 تک ایک گھر بنایا، 2008 کے بعد آغا سراج درانی نے بے تحاشا پراپرٹیز کیسے بنائیں۔اس دوران جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ سلمان اکرم راجا تین چار سماعتوں سے پیش نہیں ہوئے، مقدمہ کے اختتامی مراحل پر وکیل بدلنا کیسے ممکن ہے۔عدالت عظمی نے آغا سراج درانی کے وکیل سلمان اکرم راجا کو پیش نہ ہونے پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کر تے ہوئے معاملہ پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلیے ملتوی کر دی ہے۔