محنت کشوں کے لیے بینظیر لیبر کارڈ کا اجرا جلد کر دیا جائے گا ، احمد علی

410

کوٹری (جسارت نیوز) سندھ بھر کے محنت کشوں کے لیے بینظیر لیبر کارڈ کا اجرا جلد کر دیا جائے گا جس سے 6 لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے ورکروں کو صحت کی سہولیات سمیت دیگر معاملات پر موبائل ایپلیکیشن متعارف کراگی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن سندھ احمد علی قریشی نے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوری آباد ،کوٹری ،حیدرآباد صنعتی زون کے ورکرز اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں سے بھرتیاں نہ ہونے کے سبب سندھ بھر کے اسپتالوں میں مسائل موجود ہیں جن کے خاتمے کے لیے کوشش کر رہے ہیں ورکروں کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیسی کی رجسٹریشن لیول بہت کم جس لیول پر ہم سہولیات فراہم کر رہے ہیں اس طرح رجسٹریشن نہیں کی جا رہی جس کے لیے آگاہی دی جارہی ہے تا کہ آجران اور محنت کش سہولیات سے آگاہی حاصل کر سکیں اور زیادہ سے زیادہ ادارے میں رجسٹرڈ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے 6لاکھ صنعتی مزدوروں کو جلد بینظیر لیبر ورکر کارڈ کا اجرا کر دیا جائے گا جس کے لیے نادرا کی مدد حاصل کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ورکرز کی سہولیات کے لیے موبائل ایمپلکیشن کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے جس میں ورکر گھر بیٹھے تمام تر معلومات حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے صنعتی اداروں کے مالکان کو زور دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ گرین بیلٹ پر توجہ دی جائے فیکٹریوں کے سامنے گرین بیلٹ سے خوبصورتی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ماحول بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیسی بیماری میں مالی معاوضہ ،کام کے دوران معذوری ،فوتگی معاوضہ ،عدت ،معذوری پنشن ،ورثا پنشن ،خصوصی مالی امداد سمیت دیگر سہولیات دے رہا ہے۔سیمینار سے ڈائریکٹر سیسی جامشورو سہیل احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوری آباد کوٹری اور حیدرآباد کے تمام ورکروں کو موقع پر مالی معاوضہ دے دیا جاتا ہے ورکرز کی سہولیات کے لیے اس طرح کے سیمینار ہونے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سیف اللہ خان ڈائریکٹر تعلقات عامہ تربیت و تحقیق ،ظفر محمد خان ،ڈائریکٹر سیسی حیدرآباد ڈائریکٹر سکھر عابد پنہور ،ڈائریکٹر سی اینڈ بی عنبرین کامل ،چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عمر چنا ،ڈائریکٹر آئی ٹی سید حامد علی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آنے والے مہمانوں کو سندھی اجرک و ٹوپی بھی پیش کی گئی۔