کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کو ئٹہ سے سرحدی شہرچمن جانے والی باراتی گاڑی الٹنے کے نتیجے دو 2 افراد جاں بحق ،جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ۔چمن لیویز حکام کے مطابق حادثہ ضلع چمن میں پرانا چمن کے مقام پر پیش آ یا ۔ بارات کوئٹہ سے چمن جارہی تھی کہ اس دوران گاڑی کا ٹائر بھرسٹ ہوا جس کے باعث گاڑی الٹ گئی ۔جس کی نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد طورجان اور عبدالعلی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔اطلاع ملنے پر لیویز اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال چمن منتقل کردیا۔ڈاکٹروں کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ڈاکٹروں نے ضروری کارروائی کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کردیں۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن احسن بٹ کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان بھر میں منشیات فروشوں اور ان کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں (مند) سوروں بازار میں ڈسٹرکٹ پولیس اور لیویز فورس نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد منشیات کے عادی افراد کو گرفتار اور منشیات کے اڈوں مسمار کر دیے۔ اس حوالے سے آئی جی پولیس بلوچستان نے پولیس کو تمام اضلاع اور ڈویژن میں منشیات کے اڈوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ منشیات کے عادی افراد کو گرفتار کر کے اصلاحی مراکز منتقل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات جیسی لعنت سے چھٹکارا پانے کے لیے اپنے صوبے اور معاشرے میں پولیس کارروائیاں کررہی ہے تاکہ صوبے اور نوجوانوں کو منشیات سے پاک رکھا جاسکے۔