پاکستان کی معیشت اور عوام کو بچانے کے لئے ریڈلائن لگانے کا وقت آگیا ہے، مریم اورنگزیب

393

اسلام آ باد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اور عوام کو بچانے کے لئے ریڈلائن لگانے کا وقت آگیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں لاہور میں پولیس اہلکار پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف معیشت اور عوام کی حفاظت کرنے کے دوٹوک ارادے کا اظہار کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہ کرکے جانے والوں کو مزید تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ملک کی معاشی خودمختاری کو بچانے کی جنگ میں کامیابی کے لئے سیاسی استحکام بنیادی ضرورت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ معیشت اور عوام کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا، اس کے راستے میں سرخ لکیر کھینچ دی ہے ، کسی کو عبور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت جب بھی ٹیک آف کرنے لگتی ہے، عمران صاحب شرپسندی اس کے راستے کی رکاوٹ بنتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب سی پیک آیا ، عظیم دوست صدر شی جن پنگ نے پاکستان آنے کا اعلان کیا تو دھرنے کا اعلان ہوگیا تھا اور آج پاکستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف دینے کا آغاز کیا ہے کوئی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت اور عوام کا ریلیف ایک نکاتی ایجنڈا ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ اس پر حملہ برداشت کریں گے اور آج عوام کو بھی فیصلہ کرنا ہے کہ چوری فساد ٹولے کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا ملک کی تعمیر کے ساتھ تاہم عوام کی ترجیح تعمیر ترقی اور خوش حالی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر اقدام اِن شرپسندوں اور فسادیوں سے عوام کو بچانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بھی ہدایت کی کہ میڈیا سیاسی سرگرمیوں کی کوریج کرے لیکن شرپسندی، تشدد اور دہشت پھیلانے کی سرگرمیوں کی بائیکاٹ کرے۔