اسلام آباد (اے پی پی) وزیرخارجہ بلاول زرداری عالمی اقتصادی فورم کے 3 روزہ سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے کیلیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہوگئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت عالمی اقتصادی فورم کے صدر نے دی ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بھی بلاول زرداری کے ساتھ ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول زرداری 23 سے 26 مئی تک ڈیووس میں فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ اور وزیر مملکت دونوں عصری عالمی اور علاقائی مسائل پر عالمی اقتصادی فورم کی متعدد تقریبات میں شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں، پاکستان کی نئی حکومت، تمام سیاسی جماعتیں اور میری اپنی جماعت پاک چین تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ چائنا گلوبل ٹیلی وژن نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سی پیک اقتصادی منصوبے پر بہت فخر ہے اور نئی پاکستانی حکومت سی پیک پر چین کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش مند ہے۔ اب ہم سی پیک کے دوسرے فیز میں داخل ہو رہے ہیں جس میں صنعتی اور خصوصی معاشی زونز شامل ہیں۔