31 مئی سے قبل اہم فیصلے آسکتے ہیں، شیخ رشید

128

اسلام آباد (آن لائن) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں، پاکستان کی فوج عظیم جانثار فوج ہے وہ کبھی اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی، معیشت کو مزید تباہ ہوتے بھی نہیں دیکھے گی اور ایک ایسا حل نکالے گی جو ملک کو معاشی، سیاسی اور انتظامی بحران سے نکال سکے۔ پیر کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو 40 دن ہوگئے بلکہ یوں کہیں کہ ان کا چالیسواں پورا ہوگیا ہے۔حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے، مرکز میں اور پنجاب صوبہ میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جارہی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے عظیم سوموٹو لے کر نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف میں ان کے کیسز کے خاتموں کی سازش کو ناکام بنادیا ہے، یہ لوگ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے، اب ان کو دوبارہ جیلوں کے منہ دیکھنے ہوں گے، یہ اپنے جال میں خود ہی پھنس گئے ہیں، جو کھڈا انہوں نے عمران خان کے لیے کھودا تھا اس میں خود ہی گرگئے ہیں۔