کراچی(اسٹاف رپورٹر) یکم جون تک پیپلز بس سروس کے روٹ ون پر بسیں چلائی جائیں، 15 دن تک فیول سمیت تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ شرجیل میمن کی این آر ٹی سی کو ہدایت
اورینج لائن کے بس ڈرائیورز کی تربیت مکمل ہو چکی ہے، کل سے کوریڈور پر ٹیسٹ ڈرائیو کا آغاز کریں۔ صوبائی وزیر کی سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کو ہدایت
صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اتھارٹی شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس اور عبدالستار ایدھی اورینج لائن پروجیکٹ کے آغاز سے متعلق نیشنل ریڈیو ٹرانسمیشن کمپنی (این آر ٹی سی) اور سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی (ایس آئی ڈی سی ایل) سے الگ الگ اجلاس ۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو ، ڈائریکٹر یوسف منیر و دیگر شریک۔ پروجیکٹ منیجر این آر ٹی سی صہیب شفیق ، جی ایم (انجنئیرنگ) ایس آئی ڈی سی ایل شفیق محمد ، سنیئر مینیجر ایس آئی ڈی سی ایل عبد العزیز ، نیسپاک جی ایم محمد فاروق اور نیسپاک پروجیکٹ منیجر ریحان ضامن بھی موجود تھے۔اجلاس میں پیپلز بس سروس اور عبدالستار ایدھی اورینج لائن کے آغاز سے متعلق غور و خوض کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ مفاد عامہ کے پروجیکٹ ہیں ، سندھ حکومت دونوں پروجیکٹس کا جلد ازجلد آغاز کرنا چاہتی ہے ۔ پیپلز بس سروس کی یکم جون اور اورینج لائن کی کٹ آف ڈیٹ 30 مئی دے چکا ہوں ۔
اگر کوئی کنٹریکٹر اور ادارا کمٹمینٹ کی خلاف ورزی کرے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ شرجیل میمن نے آج این آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ آج سے پیپلز بس سروس کے روٹ ون شاہراہِ فیصل پر 14 بس اسٹاپس کی تعمیر کا کام آغاز کیا جائے ۔
کے ایم سی کے ساتھ مل کر 4 روز کے اندر بس اسٹاپ کی تعمیر مکمل کی جائے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یکم جون تک پیپلز بس سروس کا روٹ ون پر آغاز کریں ، سندھ حکومت فیول سمیت تمام اخراجات بھرنے کو تیار ہے۔
اورینج لائن سے متعلق سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی سے اجلاس میں صوبائی وزیر نے کہا کہ گذشتہ روز میں نے اورینج لائن کا تفصیلی دورہ کیا ہے، کنٹریکٹر نے ڈیپو پر 28 مئی تک کام مکمل کرنے کی کمٹمینٹ کی ہے۔ بس ڈرائیورز کی تربیت بھی مکمل ہو ہوچکی ہے، کل سے اورینج لائن کے ٹریک پر بسز کی ٹیسٹ ڈرائیو کا آغاز کریں۔