اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چالیس دن پورے ہوگئے بلکہ یوں کہیں ان کاچالیسواں پورا ہوگیا ہے، آج حکومتی اتحادی کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی، یہ تب بھی نہیں کرسکتے، جی کاجانا ٹھہر گیا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 25 ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا گیا ہے، لیکن پھر بھی یہ لوگ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عظیم سوموٹو لے کر نیب، ایف آئی ے اور اے این ایف میں ان کے کیسز کے خاتموں کی سازش کو ناکام بنادیا ہے، یہ لوگ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے، اب ان کو دوبارہ جیلوں کے منہ دیکھنے ہوں گے، یہ اپنے جال میں خود ہی پھنس گئے ہیں، جوکھڈا انہوں نے عمران خان کے لئے کھودا تھا اس میں خود ہی گر گئے ہیں۔