پشاور:جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، بین الاقوامی طاقتیں جبر کی بنیاد پر کمزور اقوام پر اپنے فیصلے مسلط کرتی ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مقامی اسٹیبلشمنٹ کو دباؤ میں لاکر اپنی ہی قوم پر جبری فیصلے مسلط کروانے والی قوم کا مستقبل کیا ہوگا؟ ملک میں مشکل وقت میں سیاستدانوں اور اداروں کو ایک پیج پر مشترکہ اور متفقہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کوئی اپنی بالادستی یا طاقت ور ہونے کا احساس نہ دلائے، جمہوریت کی کمزوری کا احساس نہ دلایا جائے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ظاہر ہے جو شکایات آج آپ کر رہے ہیں ساری باتیں آپ سے کہی ہیں، مجھے کہا گیا کہ مولانا صاحب آپ تو قبائل کے نمائندے نہیں ہیں آپ کیوں قبائل کی بات کرتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ میں نے ان کو جواب دیا کہ نوجوانوں کی 3 تنظیمیں ہیں جن میں سے ڈھائی تنظیمیں میرے ساتھ جبکہ آدھی آپ کے ساتھ ہے، جو ڈھائی تنظیمیں ہمارے ساتھ ہیں آپ ان کا مقف کیوں نہیں سننا چاہتے۔