شہباز شریف کراچی آئے اور صرف اعلانات کر کے چلے گئے،حافظ نعیم

324
حقوق کراچی کارواں“ساڑھے تین کروڑ عوام کا حقیقی ترجمان ہوگا، حافظ نعیم

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کراچی آئے لیکن وہ بھی گذشتہ حکمرانوں کی طرح زبانی اعلانات کرکے چلے گئے۔جماعت اسلامی کراچی کے مسائل کے حل کی جدوجہد کررہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی وہ بد قسمت شہر ہے جہاں انتخابات نزدیک آتے ہی تمام پارٹیاں برساتی مینڈکوں کی طرح نمودار ہوجاتی ہیں لیکن منتخب ہونے کے بعد ان کے نمائندے خلائی مخلوق بن جاتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ 29مئی کو مزار قائد سے تاریخی حقوق کراچی کارواں نکالاجائے گا، عوام کارواں میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوں اور  جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک کا حصہ بنیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اس وقت بدترین مسائل سے دوچار ہے، پانی اوربجلی کا شدید بحران ہے، واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت نے کراچی کے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ شہر کے تمام بلدیاتی ادارے با اختیار مئیر کے ماتحت کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے باہر 29 دن تاریخی دھرنا دیا اور بااختیار شہری حکومت کے لیے طویل جدوجہد کی، ماضی میں واٹر بورڈ پر ایم کیو ایم کا قبضہ تھا لیکن اب شہر بدل رہا ہے اب کسی میں اتنی جرات نہیں ہوگی کہ کراچی کو دوبارہ یرغمال بناسکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ماضی کی طرح آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں یہی نمائندے پھر سے انہی گلیوں میں آپ کے درمیان موجود رہیں گے اور مسائل حل کروائیں گے، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے سوملین گیلن کاکے تھری منصوبہ مکمل کرکے کراچی کے عوام کو پانی دیا اور اس کے بعد کے فور منصوبہ پیش کیا لیکن ان کی مدت مکمل ہونے کے بعد آج 17 سال گزرگئے ابھی تک یہ  منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا۔