پانی کے مسئلے پر فوری توجہ دی جائے، چودھری نظام آرائیں

3478

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما او رمعروف بلڈر چودھری نظام الدین آرائیں نے کہا ہے کہ بیشتر علاقوں میں پینے کا پانی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، مسئلے پر فوری توجہ دی جائے ، شدید گرمی میں پہلے ہی لوگ پریشان ہیں اوپر سے پانی جیسی ضرورت کی چیز بھی نایاب ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پھلیلی، پریٹ آباد، گئوشالہ، لیاقت کالونی، نورانی بستی، ٹنڈو میر محمود، بدین اسٹاپ، گجراتی پاڑہ، آفندی ٹاؤن، ملت آباد، گڈز ناکہ، لطیف آباد اور قاسم آباد کے بیشتر علاقوں میں ہزاروں افراد کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا ہے۔ شدید گرمی میں پانی نہ ہونے سے انہیں روزمرہ کے کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پانی ہر گھر کی ضرورت ہے اور ہر ایک کو جینے کے لیے پانی چاہیے اس لیے پانی کی کمی کو پورا کیا جائے ، مہنگائی میں لوگ ہزاروں روپے خرچ کرکے ٹینکرز کے ذریعے پانی منگوارہے ہیں جن علاقوں میں پا نی دیا جارہا ہے وہ بھی بدبودار ہے جس کے پینے سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات حیدرآباد کا شعبہ واسا خودمختار ہے جو برسہا برس سے شہریوں کو پانی فراہم کررہا ہے لیکن اس ادارے کی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے نہ صرف شہری پانی کے لیے پریشان ہیں بلکہ اس ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی 15ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں وہ بھی بری طرح پریشان ہیں، اس لیے فوری طورپر اس ادارے کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔