حقوق نسواں بل پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،ماروی اعوان

2086

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ویمن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ اور DIGP حیدرآباد رینج آفس کے اشتراک سے عباس کانفرنس ہال میں خواتین کے مسائل، قوانین اور ان کا نفاذ کے عنوان سے تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع حیدرآباد کے تھانہ جات میں جینڈر کیسز کے تفتیشی افسران وومین ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے افسران ایگزیکٹیو ڈائریکٹر وومین اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل اور جینڈر اینڈ ویمنز لاز ماسٹر ٹرینر ماروی اعوان،انچارج سیف ہائوس، ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل حیدرآباد، مٹیاری، بدین کی انچارجز و عملے نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماروی اعوان نے کہا کہ حقوق نسواں بل پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،اغوا ریپ ہراسمنٹ کم عمری کی شادیاں، جائیداد سے محرومی، بلیک میلنگ، کارو کاری اور لڑکیو ں کو تعلیم سے محرومی آج بھی ہمارے معاشرے کا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے موجودہ قوانین پر عملدرآمد کے مسائل کی وجہ سے متاثرہ خواتین پریشانی کا شکار ہیں جینڈر اینڈ وومینز لاز ماسٹر ٹرینر ماروی اعوان نے حکومت سندھ کی جانب سے گھریلو تشدد 2013 ورک پیلیس ہراسمنٹ لا 2010کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے بنائے گئے قانون 2013 اور کاروکاری کے خلاف وضع کردہ قوانین پرووینشل کرائم ایکٹ 2016 کو اس کی اصل روح کے ساتھ نفاذ پر زور دیا۔