لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایف نائن پارک اسلام آباد میں اتوار کو سودی نظام معیشت کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ خطاب میں سراج الحق سودی سرمایہ دارانہ معیشت سے نجات حاصل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل بیان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عام میں خواتین اور بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد شرکت کر یگی۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سودی معیشت کے خاتمے کے لیے وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کی روشنی میں روڈ میپ دے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد اور حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے سے جماعت اسلامی کی دیگر مرکزی قیادت بھی خطاب کرے گی۔