پاکستان امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا ، بلاول

252

اسلام آباد/بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول زرداری نے ایسوسی ایٹڈ پریس نیویارک میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا‘ اسلام آباد، واشنگٹن کے بڑھتے ہوئے روابط سے بیجنگ کے ساتھ ہمارے تعلقات کو نقصان نہیں پہنچے گا‘ طالبان حکومت سے متعلق عمران حکومت کی پالیسی کو جاری رکھیںگے‘ امریکا بھارت تعلقات سے پاکستان کو حسد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کو افغانستان کے معاملے پر ماضی کی تلخیوں اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں کئی برس کے خراب تعلقات سے آگے بڑھ کر لازمی طور پر نئے روابط کی جانب بڑھنا چاہیے‘ عمران حکومت میں پاکستان نے دنیا پر افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ روابط استوار کرنے پر زور دیا اور ہم اسی تسلسل کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قطع نظر اس کے کہ ہم افغانستان میں حکومت کے بارے میں کیا محسوس کرتے ہیں‘ دنیا افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے‘ ہمیں افغانستان کی لڑکھڑاتی معیشت اور انسانی بحران کے معاملے پر فوری توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افغان معیشت کی مکمل تباہی افغانستان، پاکستان اور بین الاقوامی برادری کے لیے تباہ کن ہوگی جس کے نتیجے میں افغان شہریوں کی بڑی تعداد ملک سے بھاگے گی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان حکومت پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کاملک دہشت گردی کے لیے پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگا اور خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ بات چیت خاص طور پر زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت تجارت بڑھانے پر توجہ مرکوز رہی‘ امریکی صدر جوبائیڈن نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کیا ہے لیکن پاکستان کو ان تعلقات پر حسد نہیں ہے‘میں یقین رکھتا ہوں کہ بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کے لیے دنیا بہت وسیع ہے۔ بلاول نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ امریکا کے ساتھ بڑھتے روابط سے بیجنگ کے ساتھ ہمارے تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔علاوہ ازیں بلاول زرداری چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری کی غرض سے بیجنگ پہنچ گئے‘چینی ہم منصب سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریںگے۔