لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کے معاملے پر مسلم لیگ کے رہنماؤں کاکہنا ہے کہ شیریں مزاری کی گرفتاری سے حکومت کاکوئی تعلق نہیں۔رہنما مسلم لیگ ن ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری پر زمین کے قبضے کے الزامات ہیں،جعلی کاغذات تیارکرکے زمین پرقبضہ کیا گیا، تاہم خاتون رہنما کی گرفتاری کے معاملے میں حکومت کاکوئی لینا دینا نہیں،تاہم قانون کی پاسداری ضروری ہے اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ نے خاتون رہنما کی گرفتاری کے پس منظرمیں کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں شیریں مزاری کے خلاف مقدمہ درج تھا، شیریں مزاری کو خواتین اہلکاروں نے عزت و احترام سے گاڑی سے نکالا، شیریں مزاری پر تشددکے جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ شیریںمزاری کی گرفتاری میں حکومت کا ہاتھ ہے،قانون سب کے لیے ہے،مقدمات اور الزامات کاسامنا کرنا پڑے گا۔