لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آئین کو پامال کیا، اداروں کے خلاف غلیظ اور گھٹیا مہم چلائی لیکن عمران خان آج بھی لاڈلا ہے۔ عمران خان پر آئین کو پامال کرنے پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے،شیریں مزاری کی گرفتاری کی خبر سن کر کوئی خوشی نہیں ہوئی،عمران کے غیر اخلاقی بیان پر ان کی زبان میںجواب نہیں دوں گی،ان کی نازیبا حرکتیں ان کی شخصیت کی عکاسی کرتی ہیں۔سوشل میڈیا ٹیم کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری پر مقدمہ ان کی اپنی عثمان بزدار کی حکومت میں درج ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان پر درج مقدمے کی تفصیلات میرے علم میں نہیں، سنا ہے کہ ان پر محکمہ مال کی 800 کنال زمین سے متعلق کوئی مقدمہ ہے۔پی ٹی آئی شیریں مزاری کی گرفتار ی پر عورت کارڈ کھیل رہی ہے جو مناسب نہیں ہے، شیریں مزاری کی گرفتاری کی خبر سن کر کوئی خوشی نہیں ہوئی، مجھے ٹی وی سے پتا چلا کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔شیریں مزاری کو الزامات کے جواب دینے چاہییں، شیریں مزاری اگر بے قصورثابت ہو جائیں گی تو سب سے پہلے میں ان کے ساتھ کھڑی ہوںگی، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ آئین کو بے دردی سے پاؤں تلے روندیں اور آپ کی حمایت بھی کی جائے۔