بلاول نے عمران خان کے دورہ روس کی حمایت کردی

222

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرخارجہ بلاول زرداری نے عمران خان کے دورہ ماسکو کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے روس کے دورے کی حمایت کرتا ہوں، انہیں یہ نہیں معلوم تھا کہ روس پہنچتے ہی ماسکو یوکرین پر حملہ کردے گا۔اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان کے دنیا کی تمام ریاستوں کے ساتھ سرکاری اور سفارتی تعلقات ہیں، وزیر خارجہ نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جہاں تک سابق وزیراعظم کے دورہ روس کا تعلق ہے، میں عمران خان کا دفاع کروں گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے روس کا دورہ اپنی خارجہ پالیسی کے حصے کے طور پر کیا، کسی کو یہ خبر نہیں تھی کہ عمران خان کے ماسکو پہنچنے کے بعد روس یوکرین پر حملہ کردے گا، بلاول زرداری نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو اس طرح کے ناکردہ اقدام کی سزا دینا انتہائی غیر منصفانہ اقدام ہوگا۔