مہنگائی کی وجہ عمران خان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہے، مریم اورنگزیب

241

 

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں آج جو مہنگائی ہے اس کی وجہ سابق وزیراعظم عمران خان کا عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے کیا گیا معاہدہ ہے، جس پر ان کی حکومت کے دستخط ہیں، پاکستان میں اس وقت عوامی حکومت ہے جس میں وفاق کی تمام اکائیاں اور تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 4 سال میں پاکستان کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، معیشت کو تباہ اور مہنگائی کی شرح کو بڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 1947ء سے لے کر 2018ء تک حکومتوں نے جتنا قرضہ لیا اس قرض کا 80 فیصد صرف گزشتہ 4 سال میں لیا گیا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ قرض 25 ہزار سے 43 ہزار ارب کردیا گیا ہے، غذائی مہنگائی جو ن لیگ کے دور میں 2.3 فیصد پر تھی انہوں نے اسے 16 فیصد پر پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2018 میں ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگیا تھا اور ترقی کی شرح 6 فیصد پر پہنچی تھی، جس کو پہلے منفی کیا گیا اور 4 سال ہچکولے کھاتی رہی، پاکستان کا تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ ن لیگ کی حکومت میں ڈالر مستحکم تھا لیکن سیاسی عدم استحکام مچا کر 3 دفعہ کے منتخب وزیراعظم کو اقامے کے اوپر نکالا گیا تو ڈالر 105 روپے پر تھا اور ن لیگ کی حکومت گئی تو ڈالر 115 روپے پر تھا۔ آج جو سازشی کنٹینر پر کھڑے ہوکر 4 ہفتے کی حکومت سے سوال کرتے ہیں ان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے اور تھوڑی شرم کرنی چاہیے کہ ڈالر 189 میں ان کی حکومت میں گیا۔