لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد میں مجمع اکٹھا نہیں کرسکتے، وہ جو دعویٰ کرتے ہیں کہ اسے 100 سے تقسیم کرلیا جائے، ان کے پاس اسلام آباد کو گھیرنے کی طاقت نہیں لیکن وہ فساد پیدا کرنے کی کوشش ضرور کریں گے، حکومت اس فساد کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے روکے گی۔ سعد رفیق نے حکومت کی آئینی مدت کی تکمیل کے حوالے سے کہا کہ حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں کی رائے ہے کہ حکومت کو اپنی آئینی مدت مکمل کرنی چاہیے،ملک کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے تو ضرور کیے جائیں گے لیکن ایسا اسی صورت میں ممکن ہے کہ مدت مکمل ہو،ایک دو روز میں اس حوالے سے راستہ نکل آئے گا۔ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس وقت قطر میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے ہیں۔ ہماری معاشی ٹیم مل کر کام کررہی ہے، اسحاق ڈار لندن سے مشورہ دے رہے ہیں لیکن پہلے اتحادیوں کے ساتھ ناگزیر فیصلے ہوجائیں کیونکہ سخت فیصلوں پر عمل اور اس کے ثمرات حاصل کرنے کے لیے آئینی مدت کی تکمیل ضروری ہے۔