لاہور (آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہوئے ہیں، شریفوں کا وفاق کا گیم ختم ہوچکا ہے، ان کو سمجھ ہی نہیں آرہا کہ ن لیگ کے ٹکٹ اب فلم کے ٹکٹ بن گئے اور فلم بھی فلاپ ہے، اب صرف عمران خان کے ٹکٹ کی اہمیت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ وفاق میں ان کی حکومت ایک ماہ سے زیادہ نہیں رہے گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شریفوں نے تو 2 بار قرآن پر قسم دے کر مجھے وزیراعلیٰ بنانے کا وعدہ پورا نہیں کیا، انہوں نے انکشاف کیا کہ نواز شریف کو جب پرویز مشرف نے پکڑا تو میاں شریف کا ایک خط مجھے دیا گیا، مریم، کلثوم بی بی اور حمزہ خط لیکر آئے تھے جس میں میاں شریف نے معافی مانگی تھی، وہ خط آج بھی میرے پاس ہے۔ شریفوں کی جو خواہش ہے وہ بس خواہش ہی رہے گی اور مجھے پوری امید ہے کہ عمران خان کے اداروں سے معاملات ٹھیک ہوجا ئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وفاق میں مقابلہ ہوگا تو ہم سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ صاحب کو واپس لے آئیں گے اور 100 فیصد دونوں واپس آئیں گے اور ان کا دھڑن تختہ کرکے آئیں گے۔