عوام کی خدمت خیر کا کام ہے،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد

239

نواب شاہ (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کی ہدایات پر ضلع میں سخت گرمی اور ہیٹ ویو الرٹ جاری ہونے کے بعد ضلع کی عوام کو ہیٹ ویو سے بچانے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے سماجی اور کاروباری تنظیموں کے تعاون سے ضلع کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو رسپانس اور کولنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جن پر شربت اور ٹھنڈے پانی کے ساتھ ساتھ بیٹھنے کا انتظام بھی کیا گیا ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے کپڑا مارکیٹ میں تاجر برادری، کاروباری مرکز لعل بلڈنگ میں کریانہ یونین اور قاضی احمد موڑ پر ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے قائم ہیٹ ویو رسپانس سنٹرز اور ٹھنڈے پانی کے قائم اسٹالوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے تاجر اتحاد کی جانب سے قائم ہیٹ ویو سنٹر پر تاجر اتحاد کے صدر غلام مرتضیٰ سموں، وائس چئیرمین حاجی اسلم شیخ، تاجر رہنما کامران قیوم قریشی، شاہد حسین کھوکھر، ڈاکٹر بی ایم تلمانی اور دیگر سماجی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت خیر کا کام ہے اس میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تاجر،سماجی تنظیموں اورمخیر حضرات زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس سخت گرمی کے موسم میں ضرور ی کام سے گھروں سے نکلنے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔