لاہور(نمائندہ خصوصی) چیف سلیکٹر قومی ہاکی ٹیم منظور جونیئر نے جکارتہ جانے والی قومی ہاکی ٹیم سے ایشیا کپ میں بہترین پرفارمس کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہم بھارت اور جاپان کے خلاف ایک میچ جیت کر ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرسکتے ہیں۔ ہمسایہ ملک کے خلاف میچ چاہے کسی بھی پلیٹ فارم پر ہو، اس میں کسی ایک ٹیم پر نہیں، دونوں پر برابر پریشر ہوتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ اس وقت بھارتی ٹیم تجربے اور رینکنگ کے اعتبار سے ہم سے بہتر ہے تاہم پاکستان انڈیا میچ میں کھیلنے کا جذبے ایک الگ ہی ہوتا ہے اور اس دن جو ٹیم زیادہ اعصاب پر قابو پانے میں کامیاب ہوتی ہے، کامیابی بھی اس کا ہی مقدر بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ سے پہلے کھلاڑیوں کو دورہ یورپ میں ملنے والے تجربے کا فائدہ ہوگا۔منطور جونئیر نے فیڈریشن اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ اختلاف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک پیج پر ہیں، ہم سب کا مقصد پاکستانی ٹیم کو ایک کامیاب ٹیم بنانا ہے، بطور سلیکٹر ہم چاہتے ہیں کہ جس بھی لڑکے کو منتخب کیا جائے اسے اپنے صلاحیتوں کے ا ظہار کا بھرپور موقع ملنا چاہیے۔