باڈہ (نمائندہ جسارت) ٹاؤن کمیٹی افسران طارق زنگیجو اور ایڈمنسٹریٹر شہزادو کھوکھر کی جانب سے اخبارات اور میگزینز کی بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے کے خلاف صحافی برادری اور طالب علموں کی جانب سے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ٹاؤن ہال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں صحافی طاہر نور ہیسبانی، فقیر فیاض کاندھڑو، نظام کولاچی، جمیل اشرف چانڈیو، حاجی الہرکھیو کاندھڑو، ریاض بروہی، محمد علی منگی، علی رضا نوناری، ریاض بروہی، نبی رضا بلوچ، مرتضیٰ گوپانگ، طالب علموں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن افسر طارق زنگیجو اور ایڈمنسٹریٹر شہزادو کھوکھر ہر ماہ ایک کروڑ سے زائد ٹاؤن کمیٹی باڈہ کے بجٹ کے باوجود شہید شان ڈہر پبلک لائبریری میں کتابوں میگزینز اور اخبارات دینے سے منع کر رہے ہیں نہ ہی ہاکرز کو اخبارات اور میگزینز کے بلز ادا کررہے ہیں، ادہر اخباری ادارے فون کال کے ذریعے رپورٹرز کو بلز کے لیے پریشان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طارق زنگیجو اور شہزادو کھوکھر علم دشمن عناصر بنے ہوئے ہیں جو نہیں چاہتے کہ طالبعلم لائبریری میں پڑھائی کریں اور کمیشن کی تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فی الفور بلز کی بقایاجات ادا نہیں کی گئی تو احتجاجی دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔