حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر اورڈپارٹمنٹ آف ائمپاورمنٹ آف پرسن ڈس ایبلٹی حیدرآباد کے تعاون سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں موٹیویشن اسپیکر اور سماجی رہنما ذیشان ڈیپر، ہینڈز آئی ایل سی کے ڈسٹرکٹ پروجیکٹ منیجر لال محمد ، منیر احمد بھٹی، ٹرینر اینڈ اینکرطاہرہ جویو، آئی ایل سی ٹرینر عبدالمتین خان، ہینڈز کے ریجنل ہیڈ عبدالرزاق عمرانی، عبدالرحمن ساند، سماجی کارکن امتیاز عباسی، انجینئر علی اکبر رند، سابق آفیسر اسٹیٹ بینک عبدالرحمن سمیت بڑی تعداد میں معذور افرادکے والدین بھی موجود تھے۔ موٹیویشنل اسپیکر وسماجی کارکن ذیشان ڈیپر نے کہا ہے کہ آئی ایل سی سینٹر میں معذور افرا د کی زندگیوں میں جو تبدیلی آئی ہے وہ قابل تحسین ہے انہیں نظرانداز کرنا زیادتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ معذور افراد بھی ہمارے معاشرے کا اہم ستون ہیں ان کے ساتھ قدم سے قدم ملائیں تاکہ وہ بھی معاشرے میں کارآمد شہری بن سکیں۔ ہینڈز آئی ایل سی کے پروجیکٹ منیجر لال محمد بلوچ نے کہاکہ ہینڈز نے 8ماہ کے مختصر عرصے میں حیدرآباد میں سینٹر قائم کرکے جس طرح معذور افراد کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ، اس سینٹر میں معذور افراد جس طرح زندگی گزار رہے ہیں وہ ان کے چہرے سے عیاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد معذور افراد بھی اسمبلیوں میں نظرآئیں گے کیونکہ سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں میں معذور افراد کی نمائندگی خوش آئند ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ پارکوں، شاپنگ مالز میں معذورین کے لیے ریمپ قائم کریں تاکہ انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔