صدر دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کو ایران سے ہدایات ملنے کا انکشاف

154

کراچی /نوشہروفیروز(نمائندگان جسارت) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی سید خرم صدر نے کہا ہے کہ بم دھماکے میں ملوث دہشت گرد نے ایران میں اپنے سربراہان سے تربیت حاصل کی تھی اور اسے وہاں سے کالعدم تنظیم کے سربراہ سے ہدایات مل رہی تھیں، نیز کراچی سمیت اندرون سندھ کو بڑی تخریب کاری و تباہی سے بچا لیا گیا،بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد، ملک دشمن تنظیموں کی جانب سے بے روزگارنوجوانوں کا برین واش کرکے ان کو دہشتگردی کے لیے استعمال کیے جانے کاانکشاف۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید خرم نے کہا کہ گزشتہ رات مقابلے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد اللہ ڈنو راہمون عمرکوٹ کا رہائشی تھا، جو آئی ای ڈیز بم بنانے کا ماہر تھا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں یہ بم دھماکوں میں ملوث رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ریل ٹریکس پر حملوں میں یہ ملوث تھا اور اس نے ایران میں اپنے سربراہان سے تربیت حاصل کی تھی اور حالیہ دھماکوں کے لیے اسے 2 لاکھ روپے کی رقم وصول ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد دھماکا ہونے سے قبل پانچ کلومیٹر تک سائیکل پر سفر کرتا رہا اور پھر ہوٹل پر بیٹھا، جب وہاں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑی گزری تو اس نے ریموٹ سے دھماکا کردیا، فوٹیج میں اللہ ڈنو کو واضح دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیلی بتی والی گاڑی آتے ہی اس نے دھماکا کیا اور رکشے میں فرار ہوگیا مگر دہشت گرد کی ٹیکنیکل بنیاد پر تحقیقات کی گئی، ویڈیو میں دہشت گرد کو ایران سے حکم لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ ایران سے ایس آر اے کے سربراہ اصغر شاہ نے اللہ ڈنو کو ہدایت دی، کیس پر ٹیرر فنانس کی ٹیم بھی کام کررہی کیوں کہ یہ پیسے لے کر دھماکا کرتے ہیں اور ریل ٹریک پر 15، 20 ہزار اور ایسے دھماکے 50 ہزار روپے تک میں ہو رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اصغر شاہ جیسے لوگ مبینہ طور پر ملک سے باہر بیٹھ کر معصوم لوگوں کو ورغلا رہے ہیں مگر یہ جنگ ہم ماضی میں جیتے ہیں ابھی بھی جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی شہری میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سی ٹی ڈی حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔علاوہ ازیںخیرپور پولیس نے کراچی سمیت اندرون سندھ کو بڑی تخریب کاری و تباہی سے بچا لیا۔ ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہرہ پر پولیس کی بڑی کارروائی پولیس نے ٹرالر سے چیکنگ کے دوران بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔ ایس ایس پی خیر پور ملک ظفر اعوان کے مطابق کارروائی میں 974ڈیٹو نیٹر استعمال ہونے والا تھا جو ریلوے ٹریک اور کراچی بم دھماکوں میں استعمال ہوچکا ہے۔ بارودی مواد سمیت بم بنانے کا پورا سامان برآمد ہوا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایاکہ ٹرالر میں سوار ڈرائیور سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں جنہوں نے ایک ماہ پہلے کراچی میں بھی بارودی مواد فراہم کیا تھا ۔ بارودی سامان پنجاب سے کراچی منتقل کیا جارہا تھا۔ مزید برآں ملک دشمن دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے بے روزگارنوجوانوں کا برین واش کرکے ان کو ملک دشمنی اور دہشتگردی کے لیے استعمال کیے جانے کالگا، اس بات کا انکشاف کراچی دھماکوں کی تحقیقات کے نتیجے سامنے آیا ۔ تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بے روزگار ، کم تعلیم یافتہ نوجوانوں کا مظاہروں میں انتخاب کیا جاتا ہے اوران کی مجبوریوں اور دیگر مسائل کا پتا لگا کر اسی طریقے سے ان کو اپنا حصہ بنایا جاتا ہے۔نوجوانوں کے انتخاب اور انہیں مائل کرنے کا کام عاقب چانڈیو اور شازیہ چانڈیو کررہے ہیں جوکہ سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ذریعے رابطے کرتے ہیں۔