اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بلاول زرداری کو مشورہ ہے وہ غیر ملکی دوروں سے آج کل میں ہی واپسی پکڑیں، یہ نہ ہو واپسی کا کرایہ آپ کو اپنی جیب سے دینا پڑجائے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آج تمام نظریں عدالت عظمیٰ کی تاریخی سماعت کی طرف ہیں، جہاں مافیا کی کیس مینجمنٹ کی سازش ایک سوموٹو کے نتیجے میں تباہ ہو گئی ہے، ماضی میں تفتیش اور شہادتوں کو حکومتی اثر کے نیچے تباہ کیا گیا، پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے کہ زرداری اور شریف کے خلاف مقدمات شفاف طریقے سے انجام کو پہنچیں۔فواد چودھری نے چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیرخارجہ بلاول زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کو مشورہ ہے کہ وہ غیر ملکی دوروں سے آج کل میں ہی وطن واپس آجائیں، یہ نہ ہو آپ کو واپسی کا کرایہ اپنی جیب سے دینا پڑے، پھر ابو سے ڈانٹ بھی پڑے گی۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 حکومتی صحافیوں نے جس طرح ایف آئی اے کو استعمال کیا وہ ہمارے دل اور ذہن میں نقش ہے، جونہی یہ دور بدلے گا جن بچوں کو اس ظلم اور تکلیف سے دوچار کیا گیا انہیں اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کا مداوا کرنے کا موقع ملے گا۔