لاہو: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد میں لاکھوں کا مجمع اکٹھا نہیں کرسکتے، وہ جو دعوی کرتے ہیں کہ اسے 100 سے تقسیم کرلیا جائے، ان کے پاس اسلام آباد کو گھیرنے کی طاقت نہیں لیکن وہ فساد پیدا کرنے کی کوشش ضرور کریں گے، حکومت اس فساد کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے روکے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق کا حکومت کی آئینی مدت کی تکمیل کے حوالے سے کہنا تھا کہ حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں کی رائے ہے کہ حکومت کو اپنی آئینی مدت مکمل کرنی چاہیے،ملک کے لئے مشکل فیصلے کرنے پڑے تو ضرور کئے جائیں گے لیکن ایسا اسی صورت میں ممکن ہے کہ مدت مکمل ہو،ایک دو روز میں اس حوالے سے راستہ نکل آئے گا۔
شیخ رشید کے راولپنڈی میں وزارت عظمیٰ کے انٹرویوز کے بیان پر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ شیخ رشید ایک غیر سنجیدہ انسان ہیں۔
معاشی صورت حال اور بے قابو ڈالر کے حوالے سے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس وقت قطر میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے ہیں۔ ہماری معاشی ٹیم مل کر کام کررہی ہے، اسحاق ڈار لندن سے انہیں مشورہ دے رہے ہیں لیکن پہلے اتحادیوں کے ساتھ ناگزیر فیصلے ہوجائیں کیونکہ سخت فیصلوں پر عمل اور اس کے ثمرات حاصل کرنے کے لیے آئینی مدت کی تکمیل ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں کو نیا عوامی مینڈیٹ لینے کی ضرروت ہے ہم اس سے گریز نہیں کررہے۔ عمران خان کو ملنے والا مینڈیٹ جعلی تھا، ہم سے انتخابات چھینے گئے تھے،اب جب قانونی اور آئین کے مطابق پارلیمنٹ کے اندر سے تبدیلی ہوئی ہے اسے اب تسلیم کرنا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کو اپنی اگلی باری کا انتظار کرنا چاہیے، ان کا ایجنڈا صرف فساد پھیلانا ، اداروں کو گالیاں دینا اور قبل از وقت انتخابات کرانے کا ہے، اتحادی وہی فیصلہ کریں گے جو پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہوگا۔