ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعویٰ کرکے،60 لاکھ لوگوں کو بیروزگارکردیا، شیری رحمان

287
lost their jobs

 اسلام آ باد: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ 1 کروڑ نوکریاں دینے کا دعوی کرنے والوں نے 60 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کیا۔

شیری رحمان کا کہناتھا کہ عمران خان نے اب خود تسلیم کر لیا ہے کہ انہوں نے حکومت کے سامنے بحرانوں کا سمندر چھوڑا ہے، مہنگائی 4 سے 13 فیصد اور ترقی کی شرح کو منفی پر لے کر جانے والے جلسوں میں اب معیشت پر لیکچر دے رہے، 20 کلو آٹے کی تھیلہ 1100 اور چینی فی کلو 90 روپے پر چھوڑنے والے کہتے ہیں ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ1 کروڑ نوکریاں دینے کا دعوی کرنے والوں نے 60 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کیا، حکومت میں عمران خان کہتے تھے مجھے ٹیم اچھی نہیں ملی، اب کہتے ہیں مجھے نکال کر میری ٹیم کے کام پر پانی پھیر دیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے کام کیا ہوتا تو حکومت میں رہتے ہوئے اپنے حلقوں میں جانے سے نا ڈرتے، آپ کی اور آپ کی ٹیم کی بدترین کارکردگی کا حساب عوام آپ سے انتخابات میں لینگے۔  جلسے کرکے اور بیانیہ بنا کر عمران خان اپنے پیدا کیے بحرانوں کو چھپا نہیں سکتے۔