اسلام آباد(اے پی پی/صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے بدھ کو پہلی انٹرنیشنل اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم دنیا کا عالمی معیشت میں حصہ 7فیصد ہے لیکن مسلم دنیا عالمی تصادم اور تنازعات میںسب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے،تصادم کے خلاف اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا تعلیم، معاشی ناہمواری،سیاسی عمل کا حصہ نہ بننا تصادم کی وجہ ہے؟ اس پرتحقیق کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ انتہا پسندی کا رویہ نفرت، تعصب کو جنم دیتا ہے ،آج امن کو زیادہ خطرہ سوشل میڈیا سے ہے۔انتہا پسندی کے پیغامات کو بلا روک ٹوک نشر کیا جارہا ہے۔علاوہ ازیں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی کا عذاب قوم کو بہت مہنگا پڑا ہے ان کی حکومت نے جس شعبے میں ہاتھ ڈالا وہ تباہ ہوگیا۔گوادر اورسی پیک منصوبے کے خلاف سازش کی گئی۔پسنی ہاربربھی کئی سالوں سے بند پڑی ہوئی ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ قوم میں جھوٹی خبروں کے ذریعے انتشار پھیلایاجارہاہے۔