فیصلہ ہوچکا، عمران عوام کے سامنے سرجھکائیں، مریم اورنگزیب

165

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ہوچکا، عمران عوام کے سامنے سرجھکائیں، امپورٹڈ ترجمان اپنے ریجیکٹڈ لیڈر کی مجروح اناکی تسکین کے لیے روز نت نئے جھوٹ بولتے ہیں، آئین کی بات عقل میں آجاتی تو آدھی رات کو عدالت کے دروازے نہ کھولے جاتے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کو عقل کی بات دیر سے سمجھ آئی اسی لیے پارلیمنٹ سے نکالے گئے۔عقل کی بات سمجھ میں آتی توعوام دشمن شرائط پر آنکھیں بند کرکے معاہدوں پر دستخط نہ کرتے عمران صاحب کو عقل ہوتی تو معیشت تباہ،روزگار ختم اور تاریخی مہنگائی سے عوام کی سانس بند نہ ہوتی ۔ امپورٹڈ ترجمان اپنے ریجیکٹڈ لیڈر کی مجروح اناکی تسکین کے لیے روز نت نئے جھوٹ بولتے ہیں ۔ عمران صاحب کو عقل ہوتی تو آپ جیسے ادھارے ترجمان ہوتے؟ عمران صاحب میں عقل ہوتی تو فرح گوگی کے ذریعے کرپشن کرتے؟ توشہ خانہ کی قومی امانت میں خیانت کرتے؟اپنے چار سال کے 20 ہزار ارب کے تاریخی قرض کی طرح جھوٹ بول کر اپنے گناہوں کا روز بوجھ بڑھاتے ہیں عملی طور پر آپ کی حکومت ختم ہوچکی ہے لیکن آپ ماننے کو تیار نہیں جو لوگ خود نہیں گئے، انہیں آئین کی طاقت سے نکالا جاچکا ہیعمران صاحب حقیقت کا ادراک کریں، عوام فیصلہ کرچکے ہیں ، اس کے سامنے سرجھکائیں عوام نے فیصلہ کیا تھا کہ عمران صاحب کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن سے جان چھڑائی جائے، ہم نے چھڑا دی ہے۔